جاپان میں خاص ٹی وی تیار، اسکرین پر نظر آنے والی چیز کا ذائقہ چکھنا ممکن

جاپانی پروفیسر نے کھانے کے ذائقے فراہم کرنے والی ٹی وی اسکرین کا نمونہ تیار کرلیا ہے جس کے بعد اسکرین پر نظر آنے والی چیز کا ذائقہ چکھنا ممکن ہوگیا۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جاپانی پروفیسر ہومی میاشیتا نے ٹیسٹ دی ٹی وی (TTTV) نامی ایک ڈیوائس تیار کی ہے اور اس ڈیوائس میں اسکرین پر نظر آنے والی چیز کا ذائقہ چکھنا ممکن ہے۔

اس ڈیوائس میں 10 گھومتے ہوئے کنستر استعمال کیے جاتے ہیں جو ایک خاص کھانے کا ذائقہ بنانے کیلئے اسپرے کرتے ہیں۔ ذائقے تیار ہونے کے بعد ان کے نمونے ایک فلیٹ ٹی وی اسکرین پر دکھائے جاتے ہیں تاکہ ناظرین اسے چکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

ان طریقوں پر عمل کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون کی کارکردگی بہتر بنائیں

رپورٹس کے مطابق میجی یونیورسٹی کے پروفیسر ہومی میاشیتا کا کہنا ہے کہ کورونا کے دنوں میں اس قسم کی ٹیکنالوجی لوگوں کے باہر کی دنیا کے ساتھ جڑنے کے طریقے کو بڑھا سکتی ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے لوگ ایسا محسوس کریں کہ جیسے وہ دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے کے ہوٹل میں بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہیں۔

پروفیسر ہومی میاشیتا کے مطابق گزشتہ سال کے دوران انہوں نے خود TTTV کا نمونہ بنایا تھا جس میں تقریباً 875 ڈالرز (یعنی ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کی لاگت آئی۔ جبکہ وہ اپنی اسپرے ٹیکنالوجی کو ایپلی کیشنز کیلئے استعمال کرنے سے متعلق کمپنیوں کے ساتھ بات چیت بھی کر رہے ہیں جو پیزا اور چاکلیٹ کا ذائقہ فراہم کرسکیں۔

رپورٹس کے مطابق پروفیسر ہومی میاشیتا ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کیلئے پرامید ہیں جہاں صارفین دنیا بھر کے ذائقے کسی بھی میوزک کی طرح ڈاؤن لوڈ کر کے ان سے لطف اندوز ہوسکیں۔