ان طریقوں پر عمل کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون کی کارکردگی بہتر بنائیں

اینڈرائیڈ صارفین کو اکثر فون کی سست روی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین نے اینڈرائیڈ فون صارفین کو کچھ مفید مشورے دے دیئے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے وہ اپنے فون کی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں۔

دی سن کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا اینڈرائیڈ فون سست روی کا شکار ہے اور اس کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے تو سب سے پہلے اس میں انسٹال کی گئی غیرضروری ایپلی کیشنز کو اَن انسٹال کردیں۔ اس سے اسٹوریج کی جگہ خالی ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے اینڈرائیڈ فون کی کارکردگی بھی بہتر ہوجائے گی۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اینڈرائیڈ فونز کی اسٹوریج اپ گریڈ کرنے سے بھی اس کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ اسٹوریج کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہی اینڈرائیڈ فونز کا وہ سب سے بڑا فائدہ بھی ہے جس سے آئی فون صارفین محروم رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک بے گھر ہوگئے

اینڈرائیڈ فونز میں کئی اقسام کے اینٹی وائرس مفت ملتے ہیں۔ اگر کارکردگی کا مسئلہ درپیش آرہا ہے تو کوئی بھی اچھا اینٹی وائرس انسٹال کر کے فون کو اسکین کریں اور اس میں موجود اُن سافٹ ویئرز سے نجات حاصل کریں جو فون کی کارکردگی کو متاثر کر رہے ہیں۔

اینڈرائیڈ فون کو ری سٹارٹ کرتے رہنے سے بھی اس کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ اینڈرائیڈ فون کو ری سٹارٹ کرنے سے اس میں موجود عارضی فائلز ڈیلیٹ ہوجاتی ہیں اور رینڈم ایکسیس میموری (RAM) صاف ہوجاتی ہے۔ ریم صاف ہونے سے فون کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ لائیو وال پیپر کو بند کردینے اور کیشے کو باقاعدگی سے صاف کرتے رہنے سے بھی فون کی کارکردگی بہتر رہتی ہے۔