پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس آئندہ ہفتے فائنل کیے جانے کا امکان
پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس 2025-2024 آئندہ ہفتے فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی اور کوچز سے مشاورت کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس 2025-2024 آئندہ ہفتے فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر طریقہ کار بھی طے کرلیا گیا ہے۔
نئے سینیٹرل کنٹریکٹس فٹنس اور کارکردگی سے مشروط ہیں۔ سابق کپتان وقاریونس بھی سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے منتخب کردہ کھلاڑیوں کا جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تین سے چار کھلاڑیوں کی تنزلی کی توقع کی جارہی ہے۔ حارث رؤف، شاداب خان اور محمد نواز کو بی سے سی کیٹگری میں تنزلی کا امکان ہے، جبکہ نسیم شاہ کی بی سے اے کیٹیگری میں ترقی طے ہے۔
اس کے علاوہ افتخار احمد، حسن علی، عماد وسیم اور فہیم اشرف کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بھی نظرثانی ہوگی۔ موجودہ سینیٹرل کنٹریکٹس میں اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کی آمدنی میں گزشتہ برس 202 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ بی کیٹیگری میں 144 فیصد، سی کیٹیگری میں 135 فیصد اور ڈی کیٹیگری میں 127 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے این او سی محدود کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے این او سی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ہیڈ کوچز اور شعبہ انٹرنیشنل کی میٹنگ میں آل فارمیٹ پلیئرز کیلئے پالیسی طے کی گئی تھی۔ جس میں تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے این او سی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ رواں برس قومی کرکٹ ٹیم کے آل فارمیٹ پلیئرز کو لیگز کیلئے این او سی نہ دیئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا کیونکہ آئندہ برس مئی تک پاکستان کی نان سٹاپ کرکٹ ہے۔
این او سی محدود ہونے سے تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی تھکاوٹ اور انجریز سے محفوظ رہیں گے۔