ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دے دی

اب نہیں ملے گا بھارت کو کوئی بھی موقع۔۔۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر تاریخ بدل دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 152 رنز کا ہدف حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے خلاف پہلی بار فتح سمیٹ لی۔

دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی جنگ میں پاکستان نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ قومی ٹیم نے بھارت کا 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے ہنستے کھیلتے حاصل کرلیا۔

کپتان بابر اعظم اور اوپنر محمد رضوان بھارتیوں کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔ بابر اعظم نے 68 اور محمد رضوان نے 79 رنز بنا کر بھارتی بالنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ بابر اعظم نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بالرز نےاپنی نپی تلی باؤلنگ سے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک بھارت میچ میں کن بھارتی کھلاڑیوں پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے؟

بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 151 رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پاک بھارت میچ کے دوران دبئی اسٹیڈیم میں ہاؤس فل رہا۔ شائقین بھارتی وکٹیں گرنے پر خوشی سے جھومتے رہے۔ قومی ٹیم نے چھکے چوکے لگائے تو خوب جشن بھی منایا۔ پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی دبئی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔