اسٹیبلشمنٹ نے صحیح فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہوجائے گی ، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو فوج تباہ ہوجائے گی۔

نجی ٹی وی بول نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو فوج بھی تباہ ہوں گے۔ فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ روپیہ گر رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ نیچے جا رہی ہے۔ اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو کیا ہوگا؟ سب سے پہلے فوج ہِٹ ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے بعد سب سے پہلے فوج کو ٹارگٹ کیا جائے گا اور اس کے بعد ہم سے وہی کروایا جائے گا جو یوکرین سے کروایا گیا۔ ہمیں ڈی نیوکلیئرائز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے راضی ہوگئی

انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد مسلم ملک ہے جس کے پاس نیوکلیئر ہتھیار ہیں۔ اگر پاکستان کی ایٹمی قوت ختم ہوئی تو اس کے تین حصے ہوں گے۔ یہ پہلے سے پلان بنے ہوئے ہیں۔ بھارت کا کوئی بھی تھنک ٹینک اٹھا کر دیکھ لیں، وہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے کے منصوبے تیار کر کے بیٹھے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جس نے بھی ہمیں سازش کر کے ہٹایا یہ امریکہ کی ہر قسم کی غلامی کریں گے۔ امریکا، اسرائیل اور انڈیا کا گٹھ جوڑ ہے۔ اسرائیلی اور انڈین لابی امریکہ میں مل کر کام کرتی ہے۔ یہ لوگ ہمیں غلام بنا رہے ہیں، میرے جانے پر بھارت میں کیوں خوشیاں منائی گئیں؟ کیونکہ میں آزاد خارجہ پالیسی چاہتا ہوں جبکہ یہ امریکہ کی ہر قسم کی بات مانیں گے۔