پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ، پیٹرول 10 روپے مہنگا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، پیٹرول تقریباً 10 روپے مہنگا کردیا۔

وزارت خزانہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول تقریباً 10 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 275 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 18 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 283 روپے 63 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ مٹی کا تیل 1 روپے 85 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 183 روپے 71 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 24 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 166 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی برقرار ہے جو 60 روپے فی لیٹر ہی برقرار رہے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے کردیا گیا ہے۔

بجلی کا شارٹ فال

دوسری جانب پاکستانیوں کو بلاتعطل بجلی بھی میسر نہیں۔ بجلی مہنگی ہونے کے باوجود ملک میں شارٹ فال 6 ہزار 832 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔ جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورنیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 832 میگاواٹ تک جا پہنچا

ملک کے بیشتر علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ جن علاقوں میں بجلی چوری کی شکایات ہیں وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کی طلب 26 ہزار 700 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 19 ہزار 668 میگاواٹ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 6 ہزار 520 میگاواٹ ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 650 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 878 میگاواٹ ہے۔

اس کے علاوہ ونڈ پاور پلانٹس کی جانب سے 1080 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ سولر پاور پلانٹس سے 194، بگاس سے 124 اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 222 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

Back to top button