پنجاب میں اسکول جانے والے بچوں کو روزانہ مفت دودھ فراہم کیا جائے گا

پنجاب میں اسکول جانے والے بچوں کو روزانہ مفت دودھ فراہم کیا جائے گا۔

اسکول جانے والے بچوں کیلئے ’دودھ پروگرام‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد لاہور میں کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک اور وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے تحت پنجاب میں اسکول جانے والے بچوں کو روزانہ مفت دودھ فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ اسکول جانے والے بچوں کیلئے دودھ پروگرام اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن، ویٹرنری یونیورسٹی اور فریزلینڈ کیمپینا کا اشتراک شامل ہے۔ ابتدائی طور پر 6 ماہ کیلئے شیخوپورہ اور اٹک کے 89 پرائمری اسکولوں میں بچوں کو روزانہ مفت دودھ فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں 61 فیصد ڈاکٹرز موٹاپے کا شکار، ساڑھے 7 فیصد سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا

افتتاحی تقریب میں ویٹرنری یونیورسٹی، ایجوکیشن یونیورسٹی اور فریزلینڈ کیمپینا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مہمانان خصوصی نے بچوں میں دودھ کے ڈبے تقسیم کر کے منصوبہ کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔