الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے پشاور جلسے کا نوٹس لے لیا، بلاول سمیت کئی اراکین کو جھٹکا

الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے پشاور جلسے کا نوٹس لے لیا ہے اور ریجنل الیکشن کمشنر نے بلاول بھٹو سمیت اراکین اسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے پشاور میں منگل کے روز ہونے والے جلسے میں بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری سمیت اراکین اسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ اراکین اسمبلی کو پابندی کے باوجود جلسہ کرنے پر ریجنل الیکشن کمشنر نے نوٹس جاری کیے ہیں۔

نوٹسز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اراکین اسمبلی کو جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بلاول بھٹو نے ایک تیر سے دو شکار کر ڈالے

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس کے مطابق کہ پیپلزپارٹی رہنما قادر مندوخیل، خورشید شاہ، سعید غنی، نثار احمد، نگہت یاسمین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی، پبلک آفس ہولڈرز کو الیکشن مہم میں حصہ لینے سے منع کیا گیا تھا۔ جلسے سے خطاب کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ، اراکین اسمبلی کو 3 دسمبر کو ساڑھے 11 بجے ریجنل الیکشن کمشنر دفتر میں طلب کرلیا ہے۔ تاہم پیش نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔