اب واٹس ایپ پر بھیجی گئی تصویروں کی کوالٹی خراب نہیں ہوگی
واٹس ایپ پر بھیجی جانے والی تصویروں کی کوالٹی اب خراب نہیں ہوگی کیونکہ کمپنی نے نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔
واٹس ایپ کو دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن کہا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا۔ واٹس ایپ کے صارفین اپنی تصاویر، ویڈیوز، ڈاکیومنٹ اور دیگر فائلیں دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ باآسانی شیئر کرتے ہیں۔
صارفین کو واٹس ایپ چیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز کی کوالٹی برقرار رکھنے میں عام طور پر مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ لیکن اب واٹس ایپ نے اس کا حل بھی نکال لیا ہے، اس لیے اب بھیجی جانے والی تصویروں کی کوالٹی خراب نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 832 میگاواٹ تک جا پہنچا
واٹس ایپ صارفین تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے سے قبل ہائی ڈفینیشن کوالٹی کا آپشن منتخب نہ کریں تو تصویر کے پکسلز پھٹ جاتے ہیں۔ اور پکسلز پھٹنے کی وجہ سے تصویر کی کوالٹی خراب ہوجاتی ہے۔ لیکن صارفین کو اس پریشانی سے نجات دلانے کیلئے واٹس ایپ نے ایک نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔
واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر چیٹ میں بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کو بائے ڈیفالٹ ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) بنادے گا۔ اسی لیے صارفین کو ہر تصویر کیلئے علیحدہ سے ایچ ڈی آپشن کو منتخب نہیں کرنا پڑے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے اعلیٰ معیار کی ویڈیوز اور تصاویر بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر کب تک فراہم کردیا جائے گا اس حوالے سے تفصیلات تاحال شیئر نہیں کی گئیں۔ تاہم اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ نے اس فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔ یہ فیچر آنے کے بعد صارفین کی بڑی پریشانی ختم ہوجائے گی۔ کیونکہ لاکھوں صارفین ایک دوسرے کو تصویر بھیجنے کیلئے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں۔