معروف بھارتی گلوکار کے کے 53 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

معروف بھارتی گلوکار کرشناکمار کناتھ المعروف کے کے کنسرٹ میں پرفامنس کے بعد دل کا دورہ پڑنے کے باعث 53 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ کلکتہ میں ایک کنسرٹ کے دوران کے کے کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گئے ۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ اسپتال نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ کے کے کو اسپتال لانے سے قبل ہی گلوکار کا انتقال ہوچکا تھا۔

دل کا دورہ پڑنے سے قبل کے کے نے کنسرٹ میں لائیو پرفارم کیا   اور اس دوران مکمل صحت مند تھے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت کے ملیالم گلوکار ایڈاوا بشیر کی لائیو کنسرٹ کے دوران موت ، ویڈیو سامنے آگئی

کے کے نے 2000 کے عشرے کے دوران بالی ووڈ فلموں میں ایک کے بعد ایک ہٹ گانا گایا ۔ اور ان کے یہ گیت آج بھی پسند کیے جاتے ہیں۔

کے کے کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔

کے کے نے فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘،فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘،فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘،  بھی گایا۔ جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔