مکیش امبانی نے اننت امبانی کی شادی پر 5 ہزار کروڑ خرچ کر کے 25 ہزار کروڑ کما لیے
بھارت کا امبانی خاندان گزشتہ دو ہفتے تک اننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں مصروف رہا۔ اس شادی پر اتنا پیسہ بہایا گیا کہ یہ بھارت کی مہنگی ترین شادی بن گئی۔ مکیش امبانی نے اننت امبانی کی شادی پر 5 ہزار کروڑ خرچ کر کے 25 ہزار کروڑ کما لیے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق مکیش امبانی نے اننت امبانی اور رادھیکا امبانی کی شادی پر 5 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے، دوسری طرف ڈی این اے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ 10 روز میں امبانی خاندان نے 25 ہزار کروڑ روپے کما لیے ہیں۔
ڈی این اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں کے دوران امبانی خاندان کی ریلائنس اور دیگر کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ریلائنس کے شیئرز کی قیمت 14.9 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل اور مائیکروسافٹ 100 ممالک سے زیادہ بجلی استعمال کرنے لگے
ڈی این اے کے مطابق امبانی خاندان کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافے سے ان کی مجموعی دولت میں 25 ہزار کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی اخبار آج تک نے بھی ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دس روز میں امبانی خاندان کی دولت میں 25 ہزار کروڑ روپے اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بلومبرگ ارب پتی انڈیکس کے مطابق 5 جولائی تک مکیش امبانی کے پاس 118 ارب روپے (9.8 لاکھ کروڑ بھارتی روپے) کی دولت تھی۔ جو 12 جولائی کو بڑھ کر 121 ارب ڈالرز (10 لاکھ کروڑ بھارتی روپے) ہوگئی۔
دولت میں اس اضافے سے مکیش امبانی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 12ویں سے 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔