اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

دنیا کو ہنسانے والے پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سٹیج کے تاج بادشاہ عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کر گئے ہیں۔

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کو علاج کیلئے امریکا لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں جرمنی میں اسٹاپ اوور کے دوران نمونیا کے باعث ان کی صحت بگڑ گئی اور انہیں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس موقع پر ایئر ایمبولینس میں بھی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں متبادل طیارے کے ذریعے امریکا لے جانے کے انتظامات کیے گئے لیکن صحت بہتر ہونے تک کا انتظار کیا جانے لگا۔ لیکن دنیا کو ہنسانے والے عمر شریف جرمنی میں ہی انتقال کر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر شریف کو دل کا دورہ پڑا اتھا جس کے بعد وہ صحت مند ہو گئے۔ لیکن ایک ماہ کے بعد ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی اور جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعدازاں یہ بات سامنے آئی کہ عمر شریف کی بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں اس لیے انہیں امریکا لے جانے کی ضرورت ہے۔ عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے علاج کیلئے امریکا بھیجنے کیلئے انتظامات کی اپیل بھی کی تھی۔

وفاقی اور سندھ حکومت نے عمر شریف کو علاج کیلئے امریکا بھیجنے کی خاطر بھرپور کوششیں کیں تاہم جب انہیں ایمبولینس میں امریکہ لے جایا جارہا تھا تو جرمنی میں سٹاپ اوور کیا گیا جہاں انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ آج وہ جرمنی کے اسی اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کیلئے امریکہ کے ویزے کا انتظام کیا تھا اور ساتھ میں چار کروڑ روپے بھی جاری کیے تھے تاکہ ان کا علاج کروایا جاسکے۔