واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغامات

آج میرا لکھنے کا مقصد واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغامات ہیں۔ ایک پیغام ہے جو اکثر فارورڈ کیا جاتا ہے کہ مدینہ میں ایک شخص کو نبی اکرم صلی الله عليه و آلہ وسلم کی زیارت ہوئی اور انہوں نے فرمایا ہے کہ میری امت کو بولو کہ نماز پڑھیں۔ یہ الله کے نام ہیں بیس لوگوں کو سینڈ کرو تو خوشخبری ملے گی، نہ کیا تو غم ملے گا۔

اور اکثر تو واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغامات میں یہ بھی ہوتا ہے کہ یہ پہلا کلمہ ہے، تمہیں اس کلمے کی قسم اتنے لوگوں کو بھیجو تو 10 دنوں میں خوشخبری ملے گی نہ کیا تو غم ملے گا۔ ساتھ یہ بھی ہوتا ہے کہ اگر تم اللہ پاک سے محبت کرتے ہو تو پھر ہی سینڈ کرو گے ورنہ نہیں کرو گے۔

ارے بھائی! کچھ خدا کا خوف کرو۔ کچھ ہوش کے ناخن لو۔ شرم کرو۔ مطلب یہ سب کہتے ہوے زرا بھی ڈرتے نہیں ہو تم لوگ۔ ارے وہ پہلا کلمہ ہے، وہ اللہ پاک کے نام ہیں، وہ کوئی عام بات یا چیز نہیں ہے جو کہہ دیتے ہو کہ خوشخبری ملے گی یا بری خبر ملے گی۔ اللہ پاک اپنے بندے سے ستّر ماوّں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔  تم لوگوں کا زرا بھی دل نہیں کانپتا کہ جن ہستی کا تم نام لے رہے ہو وہ کون ہیں؟

ارے ہمارے نبی صلی الله عليه و آلہ وسلم تو ایسے تھے جو دشمن سے بھی پیار کرتے تھے۔ تو ان کا اپنی امت سے پیار کا تو کوئی حساب نہیں۔ وہ رو رو کر امت کی بخشش کیلئے دعا مانگا کرتے تھے اور تم لوگ آرام سے لکھ دیتے ہو کہ خواب میں انہوں نے بولا میسج آگے بھیجا تو خوشخبری ملے گی ورنہ بری خبر ملے گی۔

اور بعض اوقات تو یہ بھی لکھا ہوتا ہے کہ تمہیں اللہ پاک کی قسم۔ اگر تم الله پاک سے اور حضرت محمد الله عليه وآلہ وسلم سے پیار کرتے ہو تو پھر تم یہ میسج آگے بھیجو گے، ورنہ نہیں بھیجو گے۔

ارے بھائی! ہر مسلمان الله پاک سے اور اپنے نبی صلی الله عليه وآلہ وسلم سے بے انتہا عشق کرتا ہے۔ ان پر جان نچھاور کرنے کو تیار رہتا ہے۔ اور آپ محبت کا اندازہ میسج سے لگا رہے ہو؟ محبت کا اظہار میسج سے کر رہے ہو؟

محبت کا طریقہ ہے کہ نماز اور اپنے دین پر چلنا۔ اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلنا۔ ان کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرنا۔ یہی اصل محبت ہے۔ اور آپ لوگ اتنی اعلیٰ ہستی کی قسم دے کر کہتے ہو کہ اس میسج کو آگے بھیجو گے تو یہ ہو جائے گا، نہ بھیجا تو یہ ہو جائے گا۔

ابھی بھی وقت ہے سنبھل جاؤ۔ اگر کوئی ایسا میسج بھیجتا ہے تو آپ فارورڈ کرنے کے بجائے انہیں سمجھایا کرو۔ ایسے میسجز سے روکا کرو۔ انہیں محبت کا مطلب سمجھاؤ کہ اصل محبت ہوتی کیا ہے۔ اللہ پاک سے میری یہی دعا ہے کہ وہ ہمارے سارے گناہ معاف کردے اور ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔۔۔ آمین


زنیرہ آصف